Thursday, October 11, 2012

سعودی عرب کے تمام تھانوں میں اردومترجم کی تعیناتیوں کا حکم

خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کے سفیر نعیم خان کی سفارشات پر سعودی عرب کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں اردو مترجم تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ سعودی ٹی وی پر روزانہ شام کو اردو زبان میں خبروں کے بلیٹن پیش کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی سفیر نعیم خان نے ریاض میں سعودی وزیر داخلہ پرنس احمد بن عبدالعزیز سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے مختلف سہولیات کی فراہمی پر بات چیت کی۔ پاکستانی سفیر نے سعودی وزیر داخلہ سے کہا کہ سعودی عرب کے پولیس اسٹیشنوں میں جب کسی پاکستانی سے تفتیش ہو تو اسے اردو مترجم کی سہولت سرکاری طور پر مہیا کی جائے۔ اس پر سعودی وزیر داخلہ پرنس احمد بن عبدالعزیز جو شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے حقیقی چھوٹے بھائی ہیں، نے پاکستان کے ساتھ محبت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر احکامات جاری کئے کہ سعودی عرب کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں عربی سے اردو اور اردو سے عربی ترجمے کی مہارت رکھنے والے مترجم مقرر کئے جائیں۔ پاکستانی سفیر نے اس مشفقانہ فیصلے پر سعودی عرب کے وزیر داخلہ کا اپنی طرف سے پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے دلی شکریہ ادا کیا۔


No comments:

Post a Comment